گوہاٹی، 25 فروری (یو این آئی) مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے کہا ہے کہ ریاست کو اگلے پانچ برسوں میں سیلاب اور دراندازی سے مکمل پاک بنائیں گے جو ریاست کے سامنے دو سب سے بڑے چیلنجز ہیں۔
آسام میں اگلے کچھ مہینوں میں اسمبلی انتخابات ہونے ہیں اور مسٹر شاہ گذشتہ کچھ وقت سے مسلسل آسام کے دورے پر آ رہے ہیں اور انہوں نے ریاست میں سیلاب کے مسئلے کو حل کرنے کے لیے آسام کے لوگوں سے مزید پانچ برس کا مطالبہ کیا ہے۔
مسٹر شاہ نے اپنے دورے پر ناگاؤں ضلع میں واقع مشہور ’مہا مرتینجے‘ مندر کے درشن کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا،’ہمیں آسام کو سیلاب، دراندازی اور تشدد سے پاک بنانا ہے۔ بی جے پی آسام کو در اندازی سے پاک بنانے کا عزم کرتی ہے‘۔
مرکزی وزیر داخلہ نے
کہا،’آسام جو تحریک، ہتھیار اور تشدد کے لیے جانا جاتا تھا، اب ترقی، صنعتی سرمایہ کاری، تعلیم اور سیاحت کے لیے جانا جاتا ہے۔ لیکن یہ سفر ادھورا ہے۔ یہ وزیراعظم مودی کی قیادت میں ترقی کے لیے نئے زمانے میں پہلا قدم ہے‘۔
ایک رپورٹ کے مطابق بنگلہ دیش سے ملک میں سب سے زیادہ در اندازی ہوتی ہے اور سرحد پر سکیورٹی کا ذمہ سنبھالنے والی ایجنسیوں نے گذشتہ دو برسوں میں ہندوستان کی سرحد میں بنگلہ دیش سے در اندازی کرنے والے 1045 افراد کو روکا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ بی جے پی نے سنہ 2016 کے اسمبلی انتخابات سے پہلے بھی ہندوستان-بنگلہ دیش سرحد سے غیر قانونی در اندازی کو روکنے کا وعدہ کیا تھا جو پارٹی کے اہم وعدوں میں سے ایک تھا۔ حالانکہ اس وعدے کو پانچ سال گذر چکے ہیں لیکن یہ وعدہ محض زبانی جمع خرچ ہے۔