جموں، 29 نومبر (یو این آئی) نیشنل کانفرنس کے نائب صدر اور سابق وزیرا علیٰ عمر عبدا ﷲ نے کہا کہ ہمارا سب کچھ دفعہ 370 کیساتھ جڑا ہوا ہے اور ہم اس کی بحالی کیلئے جدوجہد سے پیچھے نہیں ہٹ سکتے ہیں. انہوں نے کہا کہ کانگریس کے سینئر لیڈر غلام نبی آزاد کی جانب سے 370 پر دیا گیا بیان سمجھ سے بالا تر ہے ان کا کہنا تھا کہ جو کچھ ہم سے پانچ اگست 2019 کو چھینا گیا ہم اس کو واپس حاصل کرکے ہی دم لیں گے۔
ان باتوں کا اظہار موصوف نے کشتواڑ میں عوامی جلسے سے خطاب کے دوران کیا۔
انہوں نے کہا کہ 370 کی بحالی کا معاملہ جموں وکشمیر کی آنے نسلوں کے ساتھ جڑا ہوا ہے لہذا اس کی بحالی کی خاطر کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کیا جائے گا۔
عمر عبدا ﷲ نے کہا کہ
آنجہانی سابق وزیر اعظم پنڈت جواہر لال نہرو کے وقت جموں وکشمیر میں دفعہ 370 لاگو کیا گیا لہذا کانگریس کے سینئر لیڈر غلام نبی آزاد کو اس پر لب کشائی نہیں کرنی چاہئے۔
انہوں نے مزید کہا کہ دفعہ 370 تو کانگریس کی وراثت ہے، یہ تو ملک کے پہلے وزیر اعظم جواہر لعل نہرو کی حکومت میں معرض وجود میں آیا تھا۔
عمر نے کہ ابھی تک عدالتِ عظمیٰ کا فیصلہ آنا باقی ہے تو آزاد صاحب کس بنیاد پر پہلے ہی فیصلہ سُنا رہے ہیں؟
عمرعبداللہ کا مزید کہنا تھا کہ اس قانون کی بحالی کی خاطر نیشنل کانفرنس ہر فورم پر اپنی آواز بلند کرئے گی ۔
انہوں نے کہا کہ 370 کی بحالی کی خاطر نیشنل کانفرنس نے عدالت عظمیٰ میں عرضی دائر کی ہیں اور ہمارا کیس کافی مضبوط ہے۔