راجکوٹ، 28 مئی (یو این آئی) وزیر اعظم نریندر مودی نے مرکز میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی قیادت والی حکومت کے آٹھ برس مکمل ہونے کے حوالے سے ہفتہ کو کہا کہ انہوں نے قوم کی خدمت میں کوئی کسر نہیں چھوڑی ہے۔ ایسا کوئی کام نہیں کیا جس سے ہندوستان کا کوئی بھی شخص شرمندگی محسوس کرے۔
گجرات کے ایک دن کے دورے پر گئے مسٹر مودی نے راجکوٹ میں ایک عوامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ گزشتہ آٹھ برسوں میں، میں نے مادر وطن کی خدمت میں کوئی کسر نہیں چھوڑی ہے۔ محترم باپو اور سردار ولبھ بھائی پٹیل کی اس پاک سرزمین سے مجھے ایسے سنسکار ملے ہیں، جن کی وجہ سے میں نے ایسا کوئی کام نہیں کیا، جس سے آپ کو یا ہمارے
ملک کے کسی شہری کو شرمندگی کا سامنا ہو۔
انہوں نے راجکوٹ کے اٹکوٹ میں ماتوشری کے ڈی پی ملٹی اسپیشلٹی اسپتال کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ ان کی حکومت نے مہاتما گاندھی اور سردار پٹیل کی تعلیمات پر عمل کرتے ہوئے ملک کی خدمت کرنے کی بھرپور کوشش کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مرکز میں بی جے پی حکومت ملک کی خدمت میں اپنے آٹھ سال مکمل کر رہی ہے۔ گزشتہ برسوں میں ہم نے غریبوں کی خدمت، گڈ گورننس اور غریبوں کی فلاح و بہبود کو اولین ترجیح دی ہے۔ ہم نے سب کا ساتھ، سب کا وکاس، سب کا وشواس اور سب کا سمادھان کے نعرے پر عمل کرتے ہوئے ملک کی ترقی کو ایک نئی تحریک دی ہے۔