دہلی،24 جنوری(ذرائع) وقف ترمیمی بل پر پارلیمانی کمیٹی کی میٹنگ میں جمعہ کے روز شدید ہنگامہ ہوا۔ اپوزیشن اراکین نے الزام لگایا کہ انہیں مجوزہ ترمیمات کا مطالعہ کرنے کے لیے مناسب وقت نہیں دیا جا رہا ہے۔ بی جے پی کے سینئر رہنما جگدمبیکا پال کی سربراہی میں وقف ترمیمی بل پر مشترکہ پارلیمانی کمیٹی (جے پی سی) کی میٹنگ میں کشمیر کے مذہبی رہنما میرواعظ عمر فاروق کی قیادت میں ایک وفد کے خیالات سنے جانے تھے۔ میرواعظ کو بلانے سے پہلے کمیٹی کے اراکین کے درمیان تبادلہ خیال ہوا، جس دوران اپوزیشن اراکین کے ساتھ ہنگامہ
شروع ہو گیا۔
اپوزیشن اراکین نے الزام لگایا کہ بی جے پی دہلی اسمبلی انتخابات کو مدنظر رکھتے ہوئے وقف بل کی رپورٹ جلد از جلد منظور کرانا چاہتی ہے۔ تیز بحث کے دوران میٹنگ کو کچھ دیر کے لیے ملتوی کرنا پڑا۔ ترنمول کانگریس کے رکن کلیان بنرجی اور کانگریس کے سید ناصر حسین میٹنگ چھوڑ کر باہر نکل آئے۔
انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کمیٹی کی کارروائی تماشا بن گئی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ مجوزہ ترامیم پر تفصیلی بحث کے لیے 27 جنوری کو ہونے والی میٹنگ کو 30 یا 31 جنوری تک مؤخر کیا جائے۔