بارہ بنکی، 25 جولائی (یو این آئی) اترپردیش پولیس کی اسپیشل ٹاسک فورس (ایس ٹی ایف ) نے ایک مسلح تصادم کے دوران ایک لاکھ روپے کے انعامی بدمعاش ٹنکو کپالا کو بارابنکی ضلع کے ستریکھ علاقے میں ماردیا۔
پولیس سپرنٹنڈنٹ اروند چترویدی نے ہفتے کے روز بتایا کہ ایک اطلاع کی بنیاد پر ایس ٹی ایف نے گذشتہ رات ستریکھ علاقے کا محاصرہ کیا اور بدمعاش سے خودسپردگی کے لئے کہا لیکن بدمعاش نے پولیس فورس پر فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہونے کی کوشش کی۔ جوابی فائرنگ میں انعامی بدمعاش زخمی ہوگیا۔ اسے ضلعی اسپتال لے جایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔
انہوں نے بتایا کہ پولیس کو کرشنا نگر علاقے میں جیولری شوروم میں لوٹ مار سمیت 24 سے زائد معاملات میں ملوث لکھنو کے چوک علاقے کا رہنے والا ٹنکو عرف کمل کشور کی تلاش تھی اور اس کی گرفتاری پر ایک لاکھ روپے کے انعام کا اعلان
تھا۔
مسٹر چترویدی نے بتایا کہ ٹنکو کپالا پر اترپردیش کے علاوہ مہاراشٹر اور گجرات میں بھی لوٹ مار اور قتل کے متعدد مقدمے درج ہیں۔ وہ گذشتہ سال لکھنؤ کے کرشن نگر میں آر کے جیولرز شوروم میں ہوئی ڈکیتی کا کلیدی ملزم تھا اور لوٹ کے دوران دو افراد کاقتل بھی کیا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ ایس ٹی ایف کو اطلاع ملی تھی کہ ایک شاطر بدمعاش اپنے ایک ساتھی کے ساتھ موٹرسائیکل پر بارابنکی کےستریکھ کی جانب جارہا ہے۔ اطلاع پر ایس ٹی ایف کی ٹیم نے ستریکھ علاقے میں بدمعاشوں کا محاصرہ کیا۔ محاصرہ کے دوران بدمعاش نے ایس ٹی ایف پر فائرنگ کی جبکہ جوابی فائرنگ میں بدمعاش ٹنکو کپالا زخمی ہوگیا اور اس کے ساتھی اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہوگئے۔ زخمی بدمعاش کو اسپتال لے جایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا ۔
پولیس مفرور بدمعاشوں کی تلاش کررہی ہے۔
یو این آئی۔ شا پ۔ 1013