نئی دہلی، 11 دسمبر (یو این آئی) صدر رام ناتھ کووند نے کہا ہے کہ جنرل بپن راوت ایک غیر معمولی جنرل تھے اور ان کی موت سے ایک ایسا خلا پیدا ہو گیا ہے جسے پر نہیں کیا جا سکتا۔
صدر جمہوریہ نے یہ بات ہفتہ کو دہرادون میں انڈین ملٹری اکیڈمی کی پاسنگ آؤٹ پریڈ کا جائزہ لینے کے موقع پر کہی۔
مسٹر کووند نے کہا کہ جنرل راوت نے بھی انڈین ملٹری اکیڈمی میں ٹریننگ حاصل کی تھی اور انہیں ان کی غیر معمولی مہارت کے لئے سوارڈ آف آنر سے نوازا گیا تھا۔ اگر یہ اندوہناک سانحہ نہ ہوتا تو وہ آج
ہمارے ساتھ خوشی اور فخر سے پاسنگ آؤٹ پریڈ دیکھ رہے ہوتے۔
صدرنے کہا کہ جنرل راوت نے اس اکیڈمی کافخر بڑھایا ہے۔ ان سے پہلے فیلڈ مارشل کے ایم کریپا، فیلڈ مارشل سیم مانیکشا اور بہت سے دوسرے غیر معمولی جنگجووں اور حکمت عملی سازوں نے یہاں نوجوان کیڈٹس اور ممکنہ ہیروز کے طور پر اپنا سروس سفر شروع کیا۔ ان میں سے کچھ نے ہمارے ملک کی حفاظت اور عزت کے لیے اپنی جانیں بھی قربان کیں۔ انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ جنٹلمین کیڈٹس آنے والے وقتوں میں اس اکیڈمی کی شاندار میراث کو آگے بڑھائیں گے۔