نئی دہلی ، 22 اکتوبر (یو این آئی) ملک میں ایک ارب کوویڈ ویکسینیشن کی حصولیابی میں دیسی ویکسین کے اہم کردار کا ذکر کرتے ہوئے وزیر اعظم نریندر نے آج کہا کہ ہمیں اپنے معمول میں ووکل فار لوکل کو ڈھالنا ہوگا ملک میں ایک ارب کووڈ ویکسین کے حصولیابی کے بعد قوم سے اپنے خطاب میں مسٹرمودی نے جمعہ کو کہا کہ یہ کامیابی صرف دیسی ویکسین کی طاقت پر حاصل کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا ، ’‘ہندوستان کا پورا ویکسینیشن پروگرام سائنس کے بطن میں پیدا ہوا ہے ، سائنسی بنیادوں پر پروان چڑھا ہے اور سائنسی طریقوں سے چاروں سمتوں تک پہنچا ہے‘۔
انہوں
نے کہا کہ اس سمت میں آگے بڑھتے ہوئے ہمیں دیوالی کے موقع پر مقامی مصنوعات کی خریداری پر زور دینا ہوگا اور اسے اپنے معمول میں لانا ہے۔
انہوں نے کہا ، ’جس طرح سوچھ بھارت ابھیان ایک عوامی تحریک ہے ، اسی طرح ہندوستان میں بنی ہوئی چیزیں خریدنا ، ہندوستانیوں کی بنائی ہوئی چیزیں خریدنا ، ووکل فار لوکل ہونا ، یہ ہمیں معمول میں لانا ہی ہوگا۔ میں آپ سے پھر یہ کہوں گا کہ ہمیں ہر چھوٹی سے چھوٹی چیز جو میڈ ان انڈیا ہو، جسے بنانے میں کسی ہندوستان کے باشندے کا پسینہ بہا ہو، اسے خریدنے پر زور دینا چاہیے۔ اور یہ سب کی کوشش سے ہی ممکن ہوگا‘۔