نئی دہلی، 19 اکتوبر (یواین آئی) بابائے قوم مہاتما گاندھی کی 150 ویں یوم پیدائش پر ویر ساورکر کو ’بھارت رتن‘ دینے پر اٹھے تنازع کے درمیان اس مانگ کو عقل سے پرے بتانے والی کانگریس نے اب اعتراف کیا ہے کہ وہ ساورکر سمیت تمام مجاہدین آزادی کا احترام کرتی ہے لیکن اس کو لے کر کی جا رہی سیاست کے خلاف ہے۔
کانگریس کے ترجمان کپل سبل نے ہفتہ کو یہاں پارٹی ہیڈکوارٹر میں پریس کانفرنس میں کہا کہ وہ آزادی کی لڑائی کے تمام مجاہدین کا احترام کرتی ہے لیکن اس پر ہو رہی سیاست ٹھیک نہیں ہے اور وزیر اعظم نریندر مودی کو بتانا چاہئے کہ وہ گاندھی یا ساورکر میں سے کسے
مانتے ہیں۔
انہوں نے کہا’’آپ ساورکر کی نگاہ سے سبھی کو دیکھتے ہیں۔ ہم ساورکر سمیت ملک کو آزادی دلانے والے سبھی کا احترام کرتے ہیں۔ مسٹر مودی كو یہ بتانا چاہئے کہ وہ ساورکر کے آدمی ہیں یا گاندھی جی کے بھکت ہیں یا ان دونوں کے بھکت ہیں۔ اس سوال کا آپ کو جواب دینا ہے‘‘۔
ترجمان نے کہا’’مسٹر مودی تاریخ رقم کرنے میں لگے ہیں لیکن انہیں معلوم ہونا چاہئے کہ تاریخ گاندھی جی نے بھی رچی تھی اور گاندھی جی کے قاتل ناتھو رام گوڈسے نے بھی رچی تھی۔ ہم گاندھی جی کی تاریخ کو گلے لگاتے ہیں اور آپ بتائیں کہ آپ گاندھی جی یا گوڈسے میں سے کس کی تاریخ کو گلے لگاتے ہیں‘‘۔