حیدرآباد۔27فروری(سیاست نیوز) امریکی سفیر متعینہ ہندستان کینتھ جیسٹر دو روزہ دورہ حیدرآباد پر 28فروری کو حیدرآباد پہنچیں گے۔ مسٹر کینتھ جیسٹر حیدرآباد میں مختلف پروگرامس میں شرکت کریں گے اور اس دورہ کے دوران وہ گورنر تلنگانہ وآندھراپردیش مسٹر ای ایس ایل این نرسمہن اور چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ کے علاوہ دیگر سے ملاقات کریں گے۔ تفصیلات کے مطابق 28 فروری کو وہ امریکی قونصل خانہ حیدرآباد کا دورہ کرنے کے علاوہ گنبدان
قطب شاہی اور ٹی۔ہب کا دورہ کریں گے۔ گنبدان قطب شاہی کے دورہ کے دوران وہ امریکی امداد برائے تحفظ تہذیب و ثقافت سے جاری تزئین نو کے کاموں کا مشاہدہ کریں گے۔ بعد ازاں وہ ٹی ۔ ہب کا معائنہ کرتے ہوئے کارکردگی کا جائزہ لیں گے اور ٹی۔ہب میں مختلف اہم شخصیتوں سے ملاقات کریں گے۔مسٹر کینتھ جیسٹر یکم مارچ کو گورنر اور چیف منسٹر سے ملاقات کے علاوہ ٹاٹا بوئینگ ایرو اسپیس لمیٹیڈ آدی بٹلہ میں منعقد ہونے والے پروگرام میں شرکت کریں گے ۔