نئی دہلی، 16 جون (یو این آئی) کانپور تشدد کے بعد مبینہ طور پر غیرقانونی مکانات میں توڑپھوڑ روکنے کی مانگ سے متعلق جمعیت علمائے ہندکی درخواست پر سپریم کورٹ نے اتر پردیش حکومت سے تین دن کے اندر جواب دینے کے لئے کہا ہے۔
جسٹس اے ایس بوپنا اور جسٹس وکرم ناتھ کی تعطیلاتی بنچ نے جمعیت علمائے ہند کی نئی عرضی پر اتر پردیش حکومت اور دیگر جواب دہندگان کو اپنا جواب/اعتراضات تین دن میں داخل کرنے کے لئے کہا
ہے۔
سپریم کورٹ نے معاملے کی اگلی سماعت کے لیے 21 جون کی تاریخ مقرر کی ہے۔جمعیت علمائے ہند نے 13 جون کو سپریم کورٹ میں ایک نئی عرضی داخل کی تھی۔
اپنی عرضی میں جمعیت علمائے ہند نے قانون کے عمل کے بغیر مکانوں کو نہ ڈھانے کی ہدایت دینے اور ساتھ ہی من مانی کرنے والے افسروں پر کارروائی کی بھی مانگ کی تھی ۔درخواست میں کہا گیا تھا کہ یوپی حکومت کو ہدایت دی جائے کہ وہ قانون کے مطابق عمل کیے بغیر کوئی اور توڑپھوڑ نہ کرے۔