لکھنؤ، 4 فروری (یو این آئی) وزیر اعظم نریندر مودی نے مغربی اتر پردیش کے رائے دہندگان سے جمعہ کے روز ویڈیو کانفرنس کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے انہیں ’جھوٹ اور افواہوں‘ کی سیاست کرنے اور سوشلزم کے نام پراقرباء پروری کو فروغ دینے والی جماعت سے ہوشیار رہنے ، ریاست میں خواتین کی حفاظت اور ترقی کے لیے ووٹ دینے کی اپیل کی وزیراعظم نے کہا کہ یہ الیکشن نئی تاریخ رقم
کرے گا اور ’ہسٹری شیٹر کو ہسٹری‘ بنانے کا الیکشن ہے۔
مسٹر مودی نے ’پہلے مت دان ،پھر جل پان‘ کا نعرہ دیتے ہوئےرائے دہندگان سے 2014، 2017 اور 2019 سے بھی زیادہ تعداد میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی حمایت کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا’’ ہمیں ’سرواجن ہتائے- سرواجن سکھائے ‘کے لئے کام کرنا ہے‘‘۔ انہوں نے کہا ’’ کمل کا پھول پھر کھلے گا، ہمیں پورا یقین ہے‘‘۔