نئی دہلی، 20مئی (یو این آئی) کانگریس نے کہاکہ کورونا وائرس (کووڈ19) کو روکنے کے لئے لاک ڈاون ضروری ہے لیکن حکومت نے اسے ٹھوس منصوبہ اور سوچے سمجھے بغیر نافذکیا ہے جس کی وجہ سے ملک کو اس مدت میں فائدہ ہونے کی بجائے نقصان اٹھانا پڑا۔
کانگریس کے ترجمان ابھیشیک منو سنگھوی نے بدھ کو یہاں پریس کانفرنس میں کہاکہ مودی حکومت نے لاک ڈاون تو نافذ کیا لیکن اس سے پہلے یہ نہیں سوچا کہ مہاجر مزدوجرو کو ان کے گھروں میں بھیج دینا چاہئے تاکہ انہیں بے وجہ پریشانی کا سامنا نہیں کرنا پڑے۔ انہوں نے کہاکہ وزیراعظم نریندر مودی نے لاک ڈاون نافذ کرنے کے لئے صرف چار گھنٹے کا وقت دیا جس سے ثابت ہوتا ہے کہ اسے بغیر سوچے سمجھے نافذ کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہاکہ اس لاک ڈاون
کے دوران لوگوں کی ملازمت گئی ہے اور بے روزگاری میں اضافہ ہوا ہے۔ معیشت پر نظررکھنے والے ادارے سی ایم آئی ای کے تین مئی کے اعدادو شمار کے مطابق ملک میں بے روزگاری ریکارڈ 27.1فیصد پر ہے اور ہندستان میں بے روزگاری امریکہ کے مقابلہ میں چار گنا زیادہ ہے۔ اعدا دو شمار میں کہا گیا ہے کہ اس مدت میں 12.2کروڑ لوگوں کی ملازمت گئی ہے اور نو کروڑ سے زیادہ چھوٹے کاروباری بے روزگار ہوئے ہیں۔
ترجمان نے کہاکہ 25مارچ کو ملک میں کووڈ۔19کے 618معاملے تھے جو تین مئی تک 28070اور 18مئی تک 257فیصد کی شرح سے ایک لاکھ تک پہنچ گئے۔ اسی طرح سے مرنے والوں کی تعداد اس مدت میں 3.8فیصد کی شرح سے 13سے بڑھ کر 3163ہوگئی ہے۔ انہو ں نے کہاکہ یہی حالت ٹیسٹ کی ہے اور اس تعدا میں بھی کوئی بڑی تبدیلی نہیں آئی ہے۔