نئی دہلی، 26 جنوری (یو این آئی) بہترواں یوم جمہوریہ کے موقع پر منگل کے روز راجپتھ پر منعقدہ تقریب میں مختلف لوک فنکاریوں اور ثقافتوں کا انوکھا سنگم نظر آیا ہرسال منائے جانے والے جشن یوم جمہوریہ میں راجپتھ پر اس بار مختلف ریاستوں، محکموں اور وزارتوں کی 32 جھانکیاں نظر آئیں، جن میں ملک کے ثقافتی اور تاریخی ورثے اور لوک فنکاریوں کا انوکھا سنگم دیکھنے کو ملا۔
بہترواں یوم جمہوریہ کے موقع پر ریاست جموں وکشمیر کے بجائے نئی تشکیل شدہ مرکزکے زیر انتظام خطے کی جھانکی پہلی بار نکالی گئی تھی، جس میں
لداخ کے مختلف تہواروں اور ثقافت کی نمائش کی گئی تھی۔
اس کے ساتھ ہی گجرات کی جھانکی میں دنیا کے مشہور موڈھیرا کا سوریہ مندر دکھایا گیا تھا، جس کی تعمیر 1000 سال قبل چلکیہ خاندان کے بادشاہ بھیم اول نے کروائی تھی، جس میں شاندار کاریگری، فن تعمیر اور موسیقی کی سجاوٹ کی گئی ہے۔
گجرات کی جھانکی کے بعد آسام کی جھانکی نکلی جس میں چائے کی صنعت کو دکھایا گیا تھا، جسے ریاستی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی سمجھی جاتی ہے۔
تمل ناڈو کی جھانکی میں پلوا شاہی خاندان کی یادگاریں پیش کی گئیں، جسے سامعین نے خوب سراہا۔