پٹنہ 21 اکتوبر ( یواین آئی ) بہار میں راشٹریہ جنتادل ( آرجے ڈی ) زیر قیادت مہا گٹھ بندھن کی حلیف کانگریس نے وعدہ کیا ہے کہ اسمبلی انتخاب کے بعد حکومت بنی تو ریاست کے کسانوں کے قرض کو معاف کرنے کے ساتھ ہی بے روزگاروں کو ہر ماہ 1500 روپے بھتہ دیاجائے گا کانگریس جنرل سکریٹری رندیپ سرجے والا ، بہار معاملوں کے انچارج شکتی سنگھ گوہل اور سنیئر لیڈر راج ببر نے دیگر سنیئر لیڈران کی موجودگی میں اسمبلی انتخاب کیلئے آج ” بدلاﺅ پتر‘ کے نام سے پارٹی کا منشور جاری کیا ۔ اس موقع پر مسٹر سرجے والا نے کہاکہ بہار کی بھارتیہ جنتا پارٹی ( بی جے پی ) اور جنتادل یونائٹیڈ ( جے ڈی یو ) حکومت ریاست کی ترقی اور لوگوں کو
روزگار دستیاب کرانے میں پوری طرح سے ناکام رہی ہے ۔ خواتین کے خلاف مسلسل تیزی سے بڑھ رہے جرائم ، کورونا مدت میں صحت شعبوں کی بد حال صورتحال ، بدعنوانی اور زرعی بحران کے معاملے میں بہار نے نئے ریکارڈ بنائے ہیں۔
مسٹر سرجے والا نے منشور سے متعلق کہاکہ اگر بہار میں ان کی حکومت بنی تو کسانوں کا قرض معاف کرنے کے ساتھ ہی زرعی اصلاحات کے نام پر بنائے گئے تین کالے قوانین کو اسمبلی کے پہلے ہی سیشن میں رد کرنے کی تجویز کو پیش کی جائے گی۔ راجیو گاندھی زرعی انصاف منصوبہ کے تحت دو ایکڑتک کے زمین مالک کسانون کو مالی امداد بھی دی جائے گی ۔ نوجوانوں کوروزگار اور بے روزگاروںکو ہر ماہ 1500 بھتہ بھی دیاجائے گا۔