جے پور، 08 فروری (یو این آئی) راجستھان کے وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت نے وزیر اعظم نریندر مودی کے بیان پر جوابی حملہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج ملک کے اندر غیر اعلانیہ ایمرجنسی ہے، تناؤ اور عدم اعتماد کا ماحول ہے اور اس کے برعکس وزیر اعظم کا کانگریس پر الزام عائد کرنا بدقسمتی ہے مسٹر گہلوت نے آج میڈیا سے یہ اظہار خیال کیا انہوں نے کہا کہ کوئی نہیں جانتا کہ ملک کس سمت جا رہا ہے یا جائے گا انہوں نے کہا کہ غلطیاں آپ نے کی اور اچانک لاک ڈاؤن لگ گیا اور نوٹ بندی ہو گئی۔ کیا اس بات کا کوئی ڈیٹا ہے کہ نوٹ بندی کے دوران کتنے لوگ مارے گئے اور مزدوروں کو کورونا کے
دوران پیدل چلنا پڑا اور کتنے مزدور راستے میں ہی ہلاک ہوگئے، کیا مرکزی حکومت نے کوئی سروے کرایا ہے؟
انہوں نے کہا کہ ملک میں تناؤ اور بداعتمادی کا ماحول یہ الزامات تو ہمارے ہیں، قومی جمہوری اتحاد(این ڈی اے)، بی جے پی اور آر ایس ایس پر، اور مسٹر مودی اس کے برعکس کہہ رہے ہیں، ہم لوگوں کو بھڑکا رہے ہیں۔ کانگریس کی تاریخ ہے آزادی سے پہلے اور بعد میں بھی اس نے قربانیاں دی ہیں اور آزادی میں مہاتما گاندھی کی شراکت داری کو پوری دنیا جانتی ہے، سابق وزیر اعظم اندرا گاندھی اور راجیو گاندھی کو شہید ہو گئے،ہم قربانی دینا جانتے ہیں اور اس وجہ سے آج ملک اٹوٹ ہے۔