نئی دہلی، 3دسمبر (یو این آئی) خلیج بنگال کے اوپر بننے والا سمندری طوفان جواد اپنی سمت اور رفتار بدل رہا ہے اور اس کے آج نصف شب شمالی آندھرا پردیش اور جنوبی اڈیشہ کے ساحلوں سے ٹکرانے اور شمال اور شمال مشرق بنگال کی طرف بڑھنے کا امکان ہے
محکمہ موسمیات کے مطابق اس کے اثر سے شمالی آندھرا پردیش، جنوبی اوڈیشہ اور مغربی بنگال کے ساحلی علاقوں اور شمال مشرقی ریاستوں کے کچھ علاقوں میں 90 سے 100 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہوائیں چل سکتی ہیں اور 4 اور 5 دسمبر تک موسلادھار بارش ہوسکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کا یہ بھی کہنا ہے کہ اس طوفان میں ہواؤں کی
رفتار ماضی قریب میں آنے والے زیادہ شدید طوفانوں سے کم ہے۔ اس میں ہوا کی رفتار کے بجائے تیز بارش اور پانی جمع ہونے سے گھروں اور فصلوں کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔ طوفان میں درخت اور کمزور، بجلی اور ٹیلی کمیونیکیشن کے کھمبوں کے بھی اکھڑ جانے کا خدشہ ہے۔
ہندوستان کے محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر مرتیونجے مہاپاترا نے نئی دہلی میں صحافیوں کو بتایا کہ سمندری طوفان جواد کے اگلے 12 گھنٹوں میں اپنے مشرقی ساحل سے ٹکرانے کا امکان ہےا۔ انہوں نے کہا کہ یہ طوفان ’شدید‘ زمرہ کا ہے۔ اس میں ہوا کی رفتار کسی وقت زیادہ سے زیادہ 90 سے 100 کلومیٹر فی گھنٹہ یا اس سے زیادہ ہوگی۔