یوپی/شاملی/21اگست(ایجنسی) ملک میں موب لنچنگ کے معاملات (بھیڑ کی پٹائی) تھم نہیں رہے ہیں۔ تازہ ترین واقعہ یوپی کے شاملی ضلع کا ہے جہاں گایوں کی اسمگلنگ کے شک میں گئو رکشکوں کی بھیڑ نے دو مسلم نوجوانوں سے مار پیٹ کی اور ان کی پریڈ کروائی۔
پولیس نے اس معاملے میں کارروائی کرتے ہوئے گئورکشک گروپ کے سربراہ کو گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس نے دونوں مسلم نوجوانوں کے خلاف اتر پردیش گئو کشی روک تھام قانون کے تحت معاملہ درج کر پوچھ گچھ کے لئے انہیں حراست میں لیا ہے۔
پولیس سپرنٹنڈنٹ (ایس پی) شلوک کمار نے بتایا کہ دلشاد اور شاہ رخ ایک مندر کے پجاری سے دو گائے خرید کر انہیں اپنے گاؤں میں لے جا رہے تھے۔ اس کی خبر ملنے پر گئورکشکوں کے گروپ نے ان کا پیچھا کر گایوں کو لے جا رہی گاڑی کو راستہ میں روک لیا اور ان پر حملہ بول دیا۔ انہوں نے کہا کہ گئورکشگ گروپ کے سربراہ انجو بنسل کو گرفتار کر لیا گیا اور دیگر کارکنوں کی تلاش کی جا رہی ہے۔