نئی دہلی/18مئی(ایجنسی) سپریم کورٹ نے کرناٹک اسمبلی میں کل شام چار بجے تحریک اعتماد پر ا ووٹ کرانے کا حکم دیا ہے۔
جسٹس اے کے سیکری، جسٹس ایس اے بوبڑے اور جسٹس اشوک بھوشن کی بنچ نے کانگریس- جے ڈی (سیکولر) اتحاد کی درخواست پر یہ عبوری حکم دیا۔ عدالت عظمی نے ریاست کی بی جے پی حکومت کی طرف سے خفیہ ووٹنگ کرانے کی مرکزی حکومت کی درخواست مسترد کر دی ہے۔
عدالت نے کہا کہ سب سے پہلے اسمبلی کا عارضی اسپیکر( پروٹیم اسپیکر) مقرر کیا جائے گا۔ کل چار بجے سے پہلے تمام ممبران اسمبلی کو حلف دلایا جائے گا اور چار بجے اعتماد کا ووٹ حاصل کرنا ہوگا۔ تحریک اعتماد کے عمل کی ویڈیوگرافی
نہیں کرائی جائے گی۔
عدالت نے یہ بھی واضح کیا کہ اس دوران بی ایس یدی یورپا حکومت نہ تو کوئی پالیسی کا فیصلہ کرے گی اور نہ ہی اینگلو- انڈین شخص کو اسمبلی میں رکن نامزد کرے گی۔
عدالت نے ریاست کے پولس ڈائریکٹر جنرل کو تمام ممبران اسمبلی کو تحفظ فراہم کرنے کا حکم دیا ہے۔
عدالت عظمی نے اکثریت کے لئے ضروری ممبران اسمبلی کی حمایت نہ ہونے کے باوجود کسی ایک بڑی پارٹی کو گورنر کی طرف سے حکومت بنانے کے لئے مدعو کئے جانے کے معاملے پر 10 ہفتے بعد سماعت کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔