اگرتلا ، 09 مارچ (یواین آئی) وزیر اعظم نریندر مودی نے منگل کے روز بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) - ہندوستانی پیپلز فرنٹ آف تریپورہ (آئی پی ایف ٹی) کی حکومت کے ذریعہ گذشتہ تین سالوں میں یہاں کئے گئے ترقیاتی کاموں کی تعریف کی مسٹر مودی نے تریپورہ حکومت کے تین سال پورے ہونے کے موقع پر یہاں ویویک آنند اسٹیڈیم میں منعقدہ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تین سال قبل 2018 میں ہوئے اسمبلی انتخابات میں ریاست کے عوام نے بدعنوانوں کو ختم کیا اور ریاست میں عوام مخالف بائیں بازو کی حکومت ہٹاکر بی جےپی کی قیادت والی ڈبل انجن حکومت کو منتخب کرکے تاریخ رقم کی تھی۔
وزیر اعظم نے کہا ، ’’بی جے پی - آئی پی ایف ٹی حکومت نے نہ صرف بنیادی
سہولیات اور اچھی حکمرانی کے ساتھ لوگوں کے دل جیت لئے ہیں ، بلکہ انہوں نے لوگوں میں پچھلی حکومت کے مقابلے میں بہتر حکمرانی کی فراہمی کے لئے اعتماد پیدا کیا ہے۔‘‘
مسٹر مودی نے کہا ، ’’بی جے پی - آئی پی ایف ٹی حکومت کے تحت گذشتہ تین سالوں میں ریاست کی مجموعی گھریلو پیداوار (جی ڈی پی) میں چھ گنا اضافہ ہوا ہے۔‘‘ انہوں نے کہا ، ’’آج ہم ترقی کی تین سال پرانی بی جے پی-آئی پی ایف ٹی حکومت کے ساتھ 30 سال کی سابقہ حکومتوں سے موازنہ کرسکتے ہیں۔ مرکزی حکومت نے 2009 اور 2014 کے درمیان تریپورہ کو 3500 کروڑ روپئے دیئے تھے لیکن 2014 کے بعد یہ بڑھ کر 12000 کروڑ روپے ہو گئے ہیں اور اب ترقی کے معاملے میں یہ بہت سی بڑی ریاستوں کے لئے مثال بن گئی ہے۔‘‘