نئی دہلی۔ پارلیمانی امور کے وزير اننت کمار نے توقع ظاہر کی ہے کہ راجیہ سبھا میں طلاق ثلاثہ بل بلا رکاوٹ پاس ہوجائے گا۔ مسٹر اننت کمار نے کل یہاں نامہ نگاروں سے کہا کہ " طلاق ثلاثہ پر ہم اپوزیشن کے ساتھ بات کررہے ہیں۔ راجیہ سبھا میں اس بل کے بہ آسانی پاس ہونے کی امید کرتے ہیں"۔ انہوں نے بتایا کہ پارلیمنٹ کے ایوان بالا میں یہ بل آج پیش کیا جا سکتا ہے۔
پارلیمانی امور کے وزیر کا یہ تبصرہ ایسے وقت میں آیا ہے جب بایاں محاذ اور
نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی) نے کہا ہے کہ وہ اس بل کو سلیکٹ کمیٹی کے پاس بھیجوانا چاہتے ہیں۔ سی پی آئی کے مسٹر ڈی راجہ نے کہا کہ " بایاں محاذ چاہتا ہے کہ طلاق ثلاثہ بل کو سلیکٹ کمیٹی کے پاس بھیجا جائے"۔
انہوں نے اہم ترین بل میں کمیٹی سسٹم کو نظر انداز کرنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ یہ بل کل ہی ایوان بالا میں پیش کیا جانا تھا۔ جہاں تک بایاں محاذ کی پارٹیوں کا تعلق ہے، تو ہم چاہتے ہيں کہ اس بل کو راجیہ سبھا کی سلیکٹ کمیٹی کے پاس بھیجا جائے۔