نئی دہلی/29جنوری(ایجنسی) صدر رام ناتھ کووند نے آج کہا کہ مسلم خواتین کا وقار برسوں تک سیاسی نفع نقصان کا یرغمال رہا ہے اور امید کی جاتی ہے کہ انہیں اس سے نجات دلانے کے لئے پارلیمنٹ میں پیش کیا گیا تین طلاق مخالف قانون جلد ہی قانون کی شکل اختیار کرلے گا۔
مسٹر کووند
نے پارلیمنٹ کے بجٹ اجلاس کے آغاز پر اپنی پہلی تقریر میں کہا کہ تین طلاق مخالف بل پاس ہونے کے بعد مسلم بہن بیٹیاں بھی عزت نفس کے ساتھ خوف سے آزاد زندگی گذار سکیں گی۔ انہوں نے کہا 146مسلم خواتین کا وقار کئی دہائیوں تک سیاسی نفع نقصان کا یرغمال رہا ہے۔ اب ملک کو انہیں اس صورت حال سے آزادی دلانے کا موقع ملا ہے ۔ میری حکومت نے تین طلاق کے سلسلے میں ایک بل پارلیمنٹ میں پیش کیا ہے میں امید کرتا ہوں کہ پارلیمنٹ جلد ہی اسے قانونی شکل دے گی۔ تین طلا ق پر قانون بننے کے بعد مسلم بہن بیٹیاں بھی عزت نفس کے ساتھ بے خوف زندگی جی سکیں گی۔