امرتسر/19اکتوبر(ایجنسی) پنجاب کے امرتسر میں ایک بڑا ٹرین حادثہ ہوا ہے. امرتسر کے جوڑا پھاٹک میں یہ حادثہ اس وقت ہوا جب ٹریک کے پاس راون کا پتلہ جلایا جارہا تھا، ہاوڑا میل اور ایک ڈی ایم یو ٹرین کے اچانک آنے سے یہ حادثہ ہوا، پولیس کے مطابق اس حادثے میں 50 لوگوں کے ہلاک ہوجانے کی خبر ہے، کہا جارہا ہے کہ لوگ ٹریک پر کھڑے ہوکر راون جلنے کا نظارہ کررہے تھے، اسی وقت ٹرین آگئی، لوگ ٹرین سے بچنے کے لیے دوسری طرف گئے، لیکن اسی دوران اس ٹریک پر بھی ٹرین آگئی-
بتایا جارہاہے کہ راون دہن کے دوران چل رہے پٹاخوں کی آواز کی وجہ سے لوگوں کو ٹرین کے آنے کا پتہ نہیں چلا جس کی وجہ سے تقریباََ 30لوگوں کی کٹ جانے سے موقع پر ہی مو ت ہوگئی اور لاتعداد لوگ زخمی ہوگئے۔
عینی شاہد بہوجن سماج پارٹی کے لیڈر ترسیم سنگھ بھولا نے بتایا کہ ریلوے لائن پر سینکڑوں لوگ کھڑے ہوئے تھے جو ٹرین کی زد میں آگئے۔ انہوں نے بتایا کہ واقعہ کے وقت ریلوے پھاٹک بھی کھلا ہوا تھا۔ٹرین پوری رفتار سے گزر گئی۔ انہوں نے بتایا کہ مرنے والوں کی کافی زیادہ ہوسکتی ہے۔
پولیس اور ضلع انتظامیہ نے جائے حادثہ پر پہنچ کر بچاو کام شروع کردیا ہے۔ زخمیوں کو اسپتال بھیجا جارہا ہے۔