چنئی/18اپریل(ایجنسی) پریس کانفرنس کے دوران خاتون صحافی کے گال تھپتھپانے پر تنازعات کی زد میں آئے تمل ناڈو کے گورنر نے معافی مانگ لی ہے۔ خاتون صحافی کو خط لکھ کر انہوں نے اس معاملہ میں صفائی دی۔ انہوں نے لکھا کہ سوال کی تعریف کرتے ہوئے انہوں نے ایسا کیا۔
گورنر نے خط میں لکھا کہ آپ کے گال کو میں نے ایسے ہی تھپتھپایا ہے جیسا میں اپنی پوتی کے گال کو تھپتھپاتا ہوں۔ ایسا میں نے بطور صحافی آپ کی کارکردگی کو دیکھتے ہوئے تعریف میں کیا کیونکہ میں
بھی چالیس سالوں تک اس پیشہ کا حصہ رہا ہوں۔ آپ کے ای میل سے میں سمجھ سکتا ہوں کہ آپ کو اس واقعہ سے تکلیف ہوئی۔ میں اظہار افسوس کرتا ہوں اور آپ کی تکلیف کو کم کرنا چاہتا ہوں۔
بتا دیں کہ تمل ناڈو کے گورنر بنواری لال پروہت ایک خاتون صحافی کے رخسار کو تھپتھپانے کی وجہ سے تنازعات میں پھنس گئے تھے۔ راج بھون میں خاتون کے رخسار کو تھپتھپاتے ان کی یہ تصویر وائرل ہو گئی ۔ یہ واقعہ اس وقت ہوا جب 78 سالہ گورنر راج بھون میں بھیڑ بھاڑ والے پریس کانفرنس ہال سے جا رہے تھے۔