جے پور، 14 جولائی (یو این آئی) راجستھان میں حکمران کانگریس میں جاری سیاسی گھمسان کے درمیان کانگریس کی اعلی قیادت نائب وزیر اعلی سچن پائلٹ کو منانے میں مصروف ہے۔
کانگریس کے مشاہدین نے کل مسٹر پائلٹ کو قانون ساز پارٹی کی میٹنگ میں شرکت کے لئے تحریری طور پر دعوت دی تھی۔ یہ میٹنگ یہاں کے ایک ہوٹل میں طلب کی گئی ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ پارٹی کے لیڈر راہل گاندھی اور پرینکا گاندھی مسٹر پائلٹ سے بات کرکے انہیں منانے کی کوشش کر رہے ہیں، لیکن بتایا جارہا ہے کہ مسٹر پائلٹ بات چیت کے موڈ میں نہیں ہیں۔ یہ بھی کوشش کی جارہی ہے کہ مسٹر پائلٹ کو مرکزی تنظیم میں جگہ دی جائے۔
مسٹر پائلٹ گروپ کے ایم ایل اے
دہلی کے قریب مانیسر کے ایک ہوٹل میں قیام پذیر ہیں۔ مسٹر پائلٹ نے پہلے ان کی تعداد 30 بتائی تھی، لیکن اب وہ 25 ایم ایل اے کا ذکر کررہے ہیں۔ دیپندر سنگھ شیخاوت نے بھی کوآرڈینیشن سے انکار کرتے ہوئے اسمبلی میں اپنی اکثریت ثابت کرنے کا چیلینج کیا ہے۔
دوسری طرف کانگریس نے اپنے سبھی ایم ایل اے کو ایک ہوٹل میں ٹھہرایا ہوا ہے۔ کچھ دیر میں قانون ساز پارٹی کی ہوسکتی ہے۔
وزیر اعلی اشوک گہلوت نے گزشتہ روز قانون ساز پارٹی کی میٹنگ سے قبل میڈیا کے سامنے تعداد کا مظاہرہ کرتے ہوئے 109 ایم ایل اے کے حق میں ہونے کا دعوی کیا تھا۔ کانگریس کے لیڈر اب بھی امید کا دامن تھامے ہوئے ہیں۔
یو این آئی۔ این یو۔