نئی دہلی ، 23 فروری (یواین آئی) دہلی ہائی کورٹ نے منگل کو ٹول کٹ معاملے میں بنگلور کی ماحولیاتی کارکن دیشا روی کی ضمانت منظور کرلی ضمانت دیتے ہوئے ایڈیشنل سیشن جج دھرمیندر رانا نے محترمہ روی سے ایک لاکھ روپے کے ضمانتی بانڈ اور اس کے لئے دو اضافی ضمانتیں پیش کرنے کو کہا۔
دریں اثنا، دہلی پولیس نے منگل کو مقامی عدالت میں درخواست دائر کی تاکہ محترمہ دیشا روی کی پولیس تحویل میں مزید چار دنوں کی توسیع کی جائے۔ اس سے قبل پیر کو عدالت نے محترمہ روی کی پولیس حراست 24 گھنٹے کے لئے توسیع کردی تھی۔
20 فروری کو دہلی پولیس نے کہا کہ محترمہ روی خالصتان کی وکالت کرنے
والوں کے ساتھ مل کر ایک ٹول کٹ تیار کررہی تھیں۔ یہ ہندوستان کو بدنام کرنے والے عالمی سازش اور کسانوں کی تحریک کی آڑ میں ملک میں بدامنی پھیلانے کی کوشش کرنے کا حصہ ہے۔
اس سے قبل 14 فروری کو محترمہ روی کو مقامی عدالت نے پانچ دنوں کے لئے پولیس تحویل میں بھیج دیا تھا۔ اس وقت تفتیشی ایجنسی نے کہا تھا کہ مرکزی حکومت کے خلاف وسیع تر سازش اور خالصتان تحریک میں ان کے کردار کی تحقیقات کے لئے پولیس تحویل ضروری ہے۔
محترمہ روی کو دہلی پولیس کے سائبر سیل نے 13 فروری کو بنگلور سے گرفتار کیا تھا اور اسے دہلی کی ایک عدالت میں پیش کرکے سات دنوں کی پولیس حراست کا مطالبہ کیا تھا۔