مالیگاؤں : مسلم پرسنل لاء بورڈ کی جانب سے ملک بھر میں طلاقِ ثلاثہ بل کے لوک سبھا میں منظور ہونے کے بعد سے ہی الگ الگ ریاستوں میں تحفظ شریعت کانفرنس منعقد کی جارہی ہیں ۔ مہاراشٹر کےمالیگاؤں شہرمیں دو حصوں میں یہ کانفرنس منعقد کی گئی ۔ کانفرنس سے پہلے مسلم پرسنل لاء بورڈ کے جنرل سکریٹری مولانا ولی رحمانی نے ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ حکومت نے لوک سبھا میں بل تو منظور کرلیا ، مگر ابھی تک راجیہ سبھا میں بل معلق ہے۔ یہ بورڈ کی کوششوں کا نتیجہ ہے۔
مولانا ولی رحمانی نے مزید کہا کہ حکومت نے جلد بازی میں لوک
سبھا میں بل منظور کرلیا، مگر حکومت خود جانتی ہے کہ اس بل میں بہت سی خامیاں ہیں۔ اسلئے بورڈ کی کوششوں سے یہ بل راجیہ سبھا میں منظور نہیں ہو پایا اور ہمیں امید ہے کہ یہ بل ترمیم کے ساتھ راجیہ سبھا میں منظور ہوگا۔
حکومتِ ہند کی جانب سے حج سبسڈی ختم کرنے پر مولانا رحمانی نےاس تعلق سے کھلےلفظوں میں کہا کہ حج کی سبسڈی صرف ایک دکھاوا تھی۔ اصل میں حکومت ایئر انڈیا کو گھاٹے سے بچانے کے لئے سبسڈی دیا کرتی تھی۔ ایئرانڈیا کے کھاتے میں 800 کروڑ سے زیادہ کے روپئے جمع ہوتے تھے۔ حکومت کےذریعہ سبسڈی بند کرنے سے حاجیوں پر کوئی فرق نہیں پڑے گا ۔