نئی دہلی، 30 مئی (یواین آئی) وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ عالمی وبا کورونا وائرس (كووڈ 19) سے نمٹنے کے لئے پورے ملک نے اپنے منفرد اتحاد اور عزائم سے پوری دنیا کو حیران کر دیا ہے۔
مرکز میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی زیر قیادت قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے) حکومت کی دوسری مدت کی پہلی سالگرہ کے موقع پر ہم وطنوں کے نام کھلے خط میں مسٹر مودی نے عزائم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ 130 کروڑ لوگوں کا حال اور
مستقبل کبھی بھی کوئی آفت فیصلہ نہیں کر سکتی۔
مسٹر مودی نے اپنے خط میں لکھا’’اپنے ہم وطنوں کی توقعات اور حسرتوں کو پورا کرنے کی سمت میں تیز رفتار سے آگے بڑھ رہے تھے، لیکن اسی درمیان کورونا وائرس کی وبا نے دنیا کے ساتھ ہمارے ملک کو بھی الجھا دیا۔ جہاں ایک طرف عظیم اقتصادی وسائل اور جدید ہیلتھ سسٹم کے ساتھ طاقتیں ہیں، وہیں دوسری طرف ہمارا ملک ایک بہت بڑا آبادی اور محدود وسائل کے درمیان مسائل سے گھرا ہوا ہے‘‘۔