نئی دہلی، 3 جنوری :-راجیہ سبھا میں وقفہ صفر میں اراکین کو تمام مسائل کو اٹھانے کا موقع دے کر ریکارڈ بنائے جانے کے اگلے ہی دن آج ایوان کی کارروائی پہلے دس منٹ میں ہی بارہ بجے تک کے لئے ملتوی کر دی گئی۔
اپوزیشن ارکان نے جب مہاراشٹر کے پونے میں نسلی تشدد کا مسئلہ اٹھانے کی کوشش کی تو چیئرمین ایم ونکیا نائیڈو نے انہیں بولنے کا موقع ہی
نہیں دیا اور فوری طور پر ایوان کی کارروائی بارہ بجے تک ملتوی کر دی جس سے وقفہ صفر نہیں ہو سکا۔
قانون سازی کےکام کاج نمٹانے کے بعد مسٹر نائیڈو نے جیسے ہی وقفہ صفر شروع کرنا چاہا کانگریس، بہوجن سماج پارٹی، سماجوادی پارٹی اور دیگر اپوزیشن پارٹیوں کے ارکان نے اپنی جگہوں پر کھڑے ہو کر پونے میں نسلی تشدد کا مسئلہ اٹھانا چاہا۔