ذرائع:
حیدرآباد:تلنگانہ کے چیف منسٹر ریونت ریڈی کی رہائش گاہ پر یوم جمہوریہ کی تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔چیف منسٹر ریونت ریڈی نے قومی پرچم لہرایا۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے 75ویں یوم جمہوریہ کے موقع پر ریاست کے عوام کو مبارکباد دی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پورا ملک یوم جمہوریہ کی رونقوں سے جگمگا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دارالحکومت دہلی سمیت تمام بڑے شہر برقی روشنیوں سے جگمگا رہے ہیں۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ صرف جمہوری نظم و نسق اور آئین کے ذریعہ ہی متوقع مقاصد کو عوام کے تمام طبقات حاصل کر سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے ہندوستانی آئین کی روح، جو آزادی، بھائی چارہ اور سب کے لئے انصاف ہے، دنیا کے ممالک کے لئے ہمیشہ رہنما رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ یہ تہوار جو آئین کے نافذ ہونے کے دن منایا جاتا ہے، تمام لوگوں
کو فخر سے منانا چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں آئین بنانے والوں اور ملک کو مضبوط بنانے والے معززین کو یاد رکھنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست تلنگانہ کی تشکیل عوام کی جدوجہد اور آئین کے ذریعہ دیئے گئے حقوق سے ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں تشکیل پانے والی نئی حکومت آئینی امنگوں اور اہداف کی تکمیل کے لئے پابند عہد ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ اقتدار سنبھالنے کے پہلے دن سے ہی ان کی حکومت نے عوامی طرز حکمرانی کا آغاز کر دیا ہے اور بطور حکمران عوام کے احتساب کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم آمرانہ رجحانات کو پس پشت ڈال کر آئینی اقدار، پالیسیوں اور طرز عمل کی بحالی کے لئے پرعزم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کی تحریک سے ان کی حکومت نے غریبوں، پسماندہ اور کمزور طبقات کی ترقی کے مقصد سے تلنگانہ کی تعمیر نو کی تیاری کی ہے۔