نئی دہلی،14 ستمبر(یواین آئی) اہم اپوزیشن پارٹی کانگریس نے چینی ویب سائٹ کے ذریعہ صدر اور وزیراعظم سمیت ملک کے کئی سینئر رہنماؤں ،ججوں اور دیگر اہم ہستیوں کی جاسوسی سے متعلق رپورٹوں کی مذمت کرتے ہوئے حکومت سے اس معاملے پر جواب مانگا ہے کانگریس کے میڈیا محکمے کے سربراہ رندیپ سنگھ سرجے والا نے ایک اہم انگریزی اخبار میں شائع خبر کو شیئر کرتے ہوئے ٹویٹ کیا،’’چین کے ذریعہ ہندوستانی رہنماؤں اور دیگر افراد کی ڈیجیٹل جاسوسی کی خبر تشویش ناک ہے۔ہم واضح طور
پر اس کی مذمت کرتے ہیں۔ کیا چین نے دو سال پہلے بنی اس کمپنی کا استعمال حکومت کی پالیسیوں کو متاثر کرنے کےلئے بھی کیا ہے؟کیا حکومت اس معاملے کی جانچ کرے گی اور اس معاملے میں ملک کو یقین دلائے گی؟‘‘
انگریزی روزنامے کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ چین کی اس ڈاٹا کمپنی نے صدر جمہوریہ ،وزیراعظم ،اپوزیشن کے اہم لیڈروں ،کابینہ وزرا ،ریاستوں کے وزرائے اعلی ،چیف جسٹس اور کئی دیگر ہستیوں کی جاسوسی کی ہے۔ اخبار میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ اس کمپنی کا تعلق چین کی حکومت سے ہے۔