ذرائع:
نئی دہلی:مرکزی حکومت نے منگل کو جماعت اسلامی (جموں و کشمیر) پر پابندی کو پانچ سال کے لئے بڑھا دیا۔ مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے یہ اطلاع دی۔ شاہ نے کہا کہ جو بھی ملک کی سلامتی کو خطرے میں ڈالے گا اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
انہوں نے 'X' پر لکھا کہ وزیراعظم نریندر مودی کی دہشت گردی اور علیحدگی پسندی کے لئے زیرو ٹالرنس کی پالیسی کے بعد حکومت نے جماعت اسلامی (جموں و کشمیر) پر پابندی کو پانچ سال کے لیے بڑھا دیا ہے۔مرکزی وزیر داخلہ نے کہا کہ یہ تنظیم ملک کی سلامتی، سالمیت اور
خودمختاری کے خلاف اپنی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔ اسے پہلی بار 28 فروری 2019 کو ایک غیر قانونی تنظیم قرار دیا گیا تھا۔
ایک نوٹیفکیشن میں، مرکزی وزارت داخلہ نے کہا کہ جماعت اسلامی جموں و کشمیر میں ایسی سرگرمیوں میں ملوث رہی ہے جو داخلی سلامتی اور امن عامہ کے لئے نقصان دہ ہیں اور ملک کے اتحاد اور سالمیت میں خلل ڈال سکتی ہیں۔ وزارت داخلہ نے جماعت اسلامی کے خلاف درج 47 مقدمات درج کئے ہیں اور اس میں پرتشدد اور علیحدگی پسند سرگرمیوں کی حوصلہ افزائی کے لئے استعمال ہونے والے فنڈز سے متعلق ایک معاملے کی این آئی اےکی تحقیقات بھی شامل ہیں۔