تھائی لینڈ/5جولائی(ایجنسی) تھائی لینڈ کی چیانگ رائے کے غار میں پھنسے 12 بچوں اور ان کے کوچ کو نکالنے کے لئے راحت رسانی ٹیموں کی کوششیں جاری ہے۔ راحتی ٹیم صورت حال کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے ابھی تک یہ فیصلہ نہیں کر پائی ہے کہ اس ناقابل رسائی سیلاب کے پانی سے بھرے غار سے بچوں کو کس طرح باہر نکالا جائے۔ بچوں کو غار میں پھنسے نو دن گزر چکے ہیں۔ تھائی لینڈ کے شمالی صوبے چیانگ رائے میں 23 جون کو لاپتہ ہوئے جونیئر فٹ بال ٹیم کے ارکان کی امدادی مہم پیر کو اس وقت ختم ہوتی دکھائی دے رہی تھی جب برطانیہ اور تھائی لینڈ کے غوطہ خور کسی طرح سیلاب کے پانی سے بھرے
غار میں بچوں تک پہنچنے میں کامیاب ہو گئے تھے۔
اب امدادی اہلکار اپنی پوری توجہ بچوں کو غار سے باہر نکالنے پر مرکوز کئے ہوئے ہیں۔ امدادی اہلکار اس بات پر غور خوض کر رہے ہیں کہ کئی کلومیٹر تک سیلاب کے پانی سے بھر چکے اس خطرناک غار سے بچوں کو کس طرح باہر نکالا جائے۔ امدادی کام میں مصروف بحریہ نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ غار میں پھنسے بچوں کو چار ماہ بعد مانسون ختم ہونے پر ہی محفوظ باہر نکالا جا سکے گا۔