حیدرآباد27نومبر(ایجنسی) وزیراعظم نریندر مودی نے عوام سے اپیل کی کہ تلنگانہ میں حکومت کی تشکیل کے لیے بی جے پی کوایک موقع دیا جائے۔ انہوں نے آج دوپہر محبوب نگرمیں دوسرے انتخابی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے عوام سے خواہش کی کہ ریاست میں بی جے پی کی ایک حکومت اور مرکز میں دوسری حکومت کے لیے ووٹ دیاجائے تاکہ تلنگانہ کی ترقی میں رفتار دوانجنوں کے ذریعہ ہوسکے۔ وزیراعظم نے الزام لگایاکہ ٹی آر ایس حکومت نے کئی وعدے جیسے ڈبل بیڈروم کا بھی وعدہ کیا تاہم ان کی تکمیل میں حکومت ناکام رہی ۔ انہوں نے کہاکہ مرکز 2022تک ہرخاندان کوایک مکان فراہم کرے گا ۔پہلے ہی بجلی" پانی" نل اوردیگربنیادی سہولتوں کے ساتھ1.25کروڑ مکانات دیئے گئے ۔
start;">
مودی نے عوام سے خواہش کی کہ ترقی کوفروغ دینے والی جماعت اور ووٹ بینک کی سیاست کرتے ہوئے عوام کولڑانے " ذات کی سیاست کوفروغ دینے والی جماعتوں میں سے انتخاب کریں۔ انہوں نے کہاکہ گزشتہ ساڑھے چاربرسوں کی ٹی آر ایس کی حکمرانی کے دوران تلنگانہ کے عوام کے خواب شرمندہ تعبیر نہ ہوسکے "یہ کہتے ہوئے کہ انتخابات عوام کے مستقبل کا فیصلہ کریں گے" انہوں نے خواہش کی کہ اس بات کا فیصلہ کیاجائے کہ آیا اسی پارٹی کو پانچ سال دیئے جائیں یا پھر ترقی کے لیے بی جے پی کو ایک موقع دیاجائے۔ انہوں نے الزام لگایاکہ ٹی آرایس نے کانگریس اور تلگودیشم سے سیکھا ہے ۔قبل ازیں بی جے پی کے ریاستی صدر ڈاکٹر کے لکشمن" سینئر لیڈرکشن ریڈی نے بھی خطاب کیا۔