اعتماد:
حیدرآباد- ریاست تلنگانہ کی پولیس اسٹیشن عمارتیں کسی بھی کارپوریٹ دفاتر سے کم نہیں
جبکہ تشکیل تلنگانہ سے پہلےپولیس اسٹیشنوں کی عمارتیں خستہ حالی کا شکار تھیں.ان خیالات کا اظہار تلنگانہ ریاستی وزیر داخلہ محمد محمود علی نے ہفتہ کو ضلع کھمم کے موضع رگھوناتھ پالیم کے پولیس اسٹیشن اور تحصیلدار دفتر کی عمارتوں کا افتتاح اور کھمم شہر میں شادی خانہ کا سنگ بنیاد ڈالنے بعد کیا۔
انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کی متحرک پولیس جو اپنی فرض شناسی کے علاوہ سماجی خدمات میں بڑھ چڑھ کرحصہ لے رہی ہے ملک بھر میں کہیں نظر نہیں آتی۔اسی لیے تلنگانہ پولیس کو ملک بھر میں ایک خاص مقام حاصل ہے۔انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں کارپوریٹ سطح کی پولیس اسٹیشن عمارتیں تعمیر کی جارہی
ہیں۔جس میں عوام کی سہولیات کے لیے تمام انفراسٹرکچر فراہم کی گئی ہیں۔ تلنگانہ پولیس فرینڈلی پولیسنگ کے لیےملک بھر میں اہم مقام رکھتی ہے۔قیام تلنگانہ کے بعد سے تلنگانہ پولیس نے عوام کے ساتھ بہتر تعلقات پیدا کرتے ہوئے ان کے مسائل کو حل کرنے میں کامیابی حاصل کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ قیام تلنگانہ سے قبل عوام میں پولیس کے متعلق ایک قسم کا ڈر اور خوف تھا جس کی وجہ سے عوام بلا خوف پولیس اسٹیشن کو نہیں جایا کرتے تھے ۔ بلکہ جب کبھی پولیس اسٹیشن کو جانا ہوتا تو اپنے کسی لیڈر یا وکیل کو ساتھ لے جایا کرتے تھے، جس کی وجہ سے ان کے مسائل کا حل، وقت طلب ہوتا تھا۔ اس کے مقابل قیام تلنگانہ کے بعد وزیر اعلی ٰ کلوا کنٹلا چندرا شیکھر راؤنے محکمہ پولیس کو اہمیت دیتے ہوئےاس میں کئی ایک اصلاحات لائیں جس میں محکمہ پولیس نے کافی تعاون کیا۔