حیدرآباد11ستمبر(ایجنسی)تلنگانہ کے ضلع جگتیال کے کنڈا گٹو گھاٹ پر آج پیش آئے بس حادثے میں مرنے والوں کی تعداد 52ہوگئی۔مہلوکین میں معصوم بچے بھی شامل ہیں معصوم بچوں کی لاشوں کو دیکھ کر ہر کوئی رونے لگے کیونکہ ان بچوں کے ماں باپ کون ہیں آیا وہ زندہ ہیں یا نہیں کسی کو کچھ پتہ نہیں۔جگتیال ڈسٹرکٹ اسپتال میں ہر طرف آہ و بکاہ مچی ہوئی ہے اور غم کا ماحول دیکھا جارہا ہے جہاں حادثہ کی خبر سن کر اپنے اپنے رشتہ دار لاشوں کی شناخت کرنے میں دیوانوں کی طرح ادھر ادھر دوڑتے بھاگتے نظر آرہے ہیں۔
اسپتال میں معصوم بچوں کی لاشیں پڑی ہوئی ہیں۔ انھیں شناخت کرنے کی کوشش پولیس کررہی ہے ۔اسپتال میں زخمیوں کو بھی ہر طرف دیکھا جا رہا ہے ۔اسپتال کے قریب لوگوں کی کثیر تعداد جمع ہوگئی جو اپنے رشتہ داروں کے لئے فکر مند نظر آرہے ہیں۔ہر طرف رونے کی آوازیں اور زخمیوں کی کراہنے کی آوازیں سنائی دے رہی ہیں۔
حادثہ اتنا خطرناک تھا کہ مقام واقعہ دلخراش منظر پیش کر رہا تھا اور چاروں طرف لاشیں ہی لاشیں بکھری ہوئی تھیں۔مقامی افراد نے پولیس اور دیگر حکام کے ساتھ مل کر راحت کام شروع کیا ۔ یہ حادثہ ضلع جگتیال کے کونڈاگٹو علاقہ میں اس وقت پیش آیا جب یہ بس کے گھاٹ عبور کرنے کے دوران اس کا بریک فیل ہوگیا جس کے نتیجہ میں بس بے قابو ہوکر کافی اونچائی سے کھائی میں گر پڑی۔ اسپتال میں زیرعلاج دس افراد کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔اسی دوران وزیرفائنانس ای راجندر نے کہا کہ اس حادثہ کی جانچ کے احکام دے دیئے گئے ہیں۔بتایا جاتا ہے کہ اس بس میں تقریبا70افراد سوار تھے۔