جاپان/17نومبر(ایجنسی) جاپان کے وزیر خارجہ تارو کونو Taro Kono کل ہفتہ اٹھارہ نومبر کو بنگلہ دیشی دارالحکومت ڈھاکا پہنچیں گے۔ وہ اپنے اس دورے
کے دوران اپنے بنگلہ دیشی ہم منصب ابو الحسن محمود علی کے ساتھ روہنگیا مہاجرین کے بنگلہ دیش میں داخل ہونے کے بعد کی صورت حال پر گفتگو کریں گے۔ اس دورے کے حوالے سے تارو کونو کا کہنا ہے کہ روہنگیا مہاجرین کو درپیش مشکل حالات کو بہتر کرنے کی ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔ جاپانی وزیر خارجہ اپنے تین روزہ دورے کے دوران بنگلہ دیش کی وزیراعظم شیخ حسینہ سے بھی ملاقات کریں گے۔ وہ کوکس بازار میں قائم ہونے والے دنیا کے سب سے بڑے مہاجر کیمپ کا بھی دورہ کریں گے۔