تائی پے 22 اکتوبر (ایجنسی) تائیوان کے ايلن کاؤنٹی میں اتوار کی شام ایک تیز رفتار پسنجر ٹرین کے پٹری سے اتر جانے کے نتیجے میں کم از کم 18 لوگوں کی موت اور 164 دیگر زخمی ہو گئے۔
خبر رساں ایجنسی ژنہوا کی ایک رپورٹ کے مطابق ریلوے حکام نے بتایا کہ حادثے کی تحقیقات کی جارہی ہے۔ یہ حادثہ مقامی وقت کے مطابق شام چار بجکر 50 منٹ پر پیش آیا۔ ٹرین میں 366 افراد سوار تھے۔ٹرین کے آٹھ کوچ پٹری سے اتر گئے اور تین کوچ پلٹ گئے۔
تائیوان کی
سینٹرل نیوز ایجنسی نے بتایا کہ ٹرین میں اب بھی بہت سے مسافر پھنسے ہوئے ہیں۔ تیز رفتار پویوما ایکسپریس 6432 تائی پے اور مشرقی ساحلی کاؤنٹی تائی تونگ کے درمیان چل رہی تھی۔ رپورٹ کے مطابق یہ حادثہ شنما اسٹیشن کے نزدیک ہوا جو تائی پے سے 70 کلومیٹر دور سوآؤ شہر کے پاس ہے۔
مقامی ریلوے انتظامیہ کے مطابق اس حادثے میں ایک امریکی شہری زخمی ہوا ہے جبکہ باقی تمام مسافر تائیوان کے ہیں۔اس حادثے کی وجوہات کا ابھی تک پتہ نہیں چل سکا ہے لیکن عینی شاہدین نے مقامی میڈیا کو بتایا کہ زور دار آواز سنائی دی اور اس کے بعد چنگاری اور دھواں دکھائی دیا۔
حادثے میں زخمی مسافروں کو چار مقامی اسپتالوںمیں داخل کرادیا گیا ہے۔