شام/4جنوری(ایجنسی) روس کے ایک روزنامے "کومرسانٹ" نے بتایا ہے کہ شام میں حمیمیم کے فوجی اڈے پر ہونے والی شیلنگ کے نتیجے میں کم از کم سات روسی جنگی طیارے تباہ ہوئے۔ سن 2015ء میں شامی تنازعے میں روسی شمولیت کے بعد سے کم از کم مادی طور پر کسی ایک واقعے میں روس کا یہ سب سے بڑا نقصان
ہے۔ بتایا گیا ہے کہ تباہ ہونے والے جہازوں میں چار ایس یو 24 بمبار جب کہ دو ایس یو 35 ایس لڑاکا طیارے شامل تھے۔ اس کے علاوہ ایک اے این 72 ٹرانسپورٹ طیارہ بھی اس شیلنگ سے تباہ ہوا۔ روسی روزنامے نے یہ خبر "عسکری سفارت کاروں" کے حوالے سے بتائی ہے اور کہا ہے کہ اکتیس دسمبر کو یہ شیلنگ مسلم شدت پسندوں کی جانب سے کی گئی، جس میں 10 سے زائد روسی فوجی زخمی بھی ہوئے۔