نئی دہلی، 16 نومبر (ایجنسی) سپریم کورٹ نے جمعہ کو رشوت خوری کے معاملے میں مرکزی ویجلنس کمیشن (سی وی سی) کی جانچ رپورٹ میں مرکزی تفتیشی بیورو (سی بی آئی) کے ڈائریکٹر آلوک ورما کے خلاف کچھ منفی باتیں ہونے کا اشارہ دیتے ہوئے، ان سے اس رپورٹ پر پیر تک اپنا جواب دینے کو کہا ہے۔
چیف جسٹس رنجن گوگوئی کی صدارت والی بنچ نے اس معاملے میں سی وی سی کی جانچ رپورٹ مسٹر ورما کو مہر بند لفافے میں
سونپنے کی ہدایت دی، تاکہ وہ اسے پڑھ کر اس کا جواب دے سکیں۔ عدالت عظمی نے سی بی آئی ڈائریکٹر سے پیر کے روز تک جواب دینے کو کہا اور معاملے کی سماعت منگل تک ملتوی کردی۔
عدالت نے کہا کہ سی وی سی کی طرف سے دی گئی تحقیقاتی رپورٹ میں سی بی آئی سربراہ کے خلاف کچھ منفی باتیں کہی گئی ہیں۔ مسٹر آلوک ورما کے جواب کے بعد ہی عدالت اس معاملے میں کوئی فیصلہ سنائے گی۔ اس معاملے کی سماعت اب منگل کو ہوگی۔