نئی دہلی، 20 مئی (یو این آئی) سپریم کورٹ نے جمعہ کو گیانواپی مسجد کے اندر’شرنگار گوری‘ کی پوجا کرنے کی اجازت مانگنے والی عرضیوں کو وارانسی کی سول کورٹ (سینئر ڈویژن) سے ڈسٹرکٹ جج کو منتقل کرنے کا حکم دیا۔ ٹرانسفر آرڈر کے ساتھ ہی عدالت نے اس معاملے میں ترجیحی بنیادوں پر فیصلہ کرنے کو کہا ہے۔
جسٹس ڈی وائی چندرچوڑ کی سربراہی والی بنچ نے متعلقہ فریقین کے دلائل سننے کے بعد درخواستوں کی منتقلی کا حکم دیا اور ساتھ ہی متنازعہ مقام کی حفاظت سے متعلق اپنے پہلے
عبوری حکم کو برقرار رکھا۔
عدالت عظمیٰ نے ضلع افسر کو ہدایت دی کہ وہ متنازعہ مقام پر حفاظتی انتظامات کے ساتھ ساتھ نماز ادا کرنے والوں کے لیے مناسب انتظامات کرے۔ عدالت نے متعلقہ فریقین سے مشاورت کرتے ہوئے نماز کے انتظامات کرنے کی ہدایت کردی۔
بنچ نے منگل کو جاری اپنے عبوری حکم میں ریاستی حکومت کو ہدایت دی تھی کہ وہ وارانسی میں کاشی وشواناتھ مندر کمپلیکس سے متصل گیانواپی مسجد کمپلیکس میں اس علاقے کی حفاظت کرے جہاں ہندوؤں کے مطابق ایک’ 'شیولنگ‘ پایا گیا تھا۔