نئی دہلی، 18 مارچ (یو این آئی) راجیہ سبھا میں کانگریس کے نائب رہنما آنند شرما نے جمعرات کو راجیہ سبھا میں کورونا دور میں غریب بچوں کی تعلیم متاثر ہونے اور اس سے ان کی ذہنی صحت پر پڑنے والے اثر کی جانب حکومت کی توجہ مبذول کراتے ہوئے اس مسئلہ کے حل کے لئے فوری کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا۔
مسٹر شرما نے وقفہ صفر میں کہا کہ کورونا وائرس کے قہر کے پیش نظر نافذ
کئے گئے لاک ڈاؤن اور اس کے بعد بھی اسکولوں کو بندرکھے جانے سے بچوں کی تعلیم کا کافی نقصان ہوا۔ اسکولوں میں آن لائن تعلیم کا انتظام کیا گیا لیکن اسمارٹ فون اور انٹرنیٹ کی سہولت حاصل نہ کرپانے کے سبب غریب بچے اس سہولت سے محروم رہے۔ اس سے نہ صرف ان کی تعلیم پر اثر پڑا بلکہ انہیں ذہنی تناؤ اور دباؤ سے گزرنا پڑا۔ اس وجہ سے کئی جگہوں سے بچوں کی خودکشی کی بھی خبریں موصول ہوئیں۔