چنئی/٢٨مئی(ایجنسی) تمل ناڈو حکومت نے توتیکورین میں واقع اسٹرلائٹ پلانٹ کو ہمیشہ کیلئے بند کرنے کا حکم دیا ہے۔ توتیکورین میں تشدد بھڑکنے کے بعد پولیس فائرنگ میں 13 لوگوں کی موت ہوگئی تھی۔ تمل ناڈو کے توتیکورین ضلع میں ویدانتا گروپ کی اسٹرلائٹ کاپر یونٹ کے خلاف مہینوں سے جاری مظاہرہ اچانک پرتشدد ہوجانے کے بعد پولیس کو فائرنگ کرنی پڑی ، جس میں 13 لوگوں کی موت ہوگئی تھی اور 30 سے زیادہ افراد زخمی ہوگئے تھے۔ تشدد بھڑکنے کے بعد علاقہ میں دفعہ 144 نافذ ہوگیا تھا اور انٹرنیٹ
خدمات بند کردی گئی تھیں۔
مظاہرین کے مطابق کاپر فیکٹری سے ہورہی آلودگی کی وجہ سے یہاں کا زمینی پانی بھی آلودہ ہورہا ہے ۔ علاقہ میں پینے کے پانی کی پریشانی بڑھ رہی ہے۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ اس فیکٹری کی آلودگی کی وجہ سے صحت سے وابستہ سنگین پریشانیاں پیدا ہورہی ہیں۔ حال ہی میں اس کمپنی نے شہر میں اپنی مزید یونٹ لگانے کا اعلان کیا ہے ، اس لئے مقامی لوگ مظاہرہ کررہے ہیں۔ مظاہرین نے موجودہ فیکٹری کو بند کرنے اور مستقبل میں کوئی اور یونٹ چالو نہیں کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔