نئی دہلی/13اگست(ایجنسی) سینئر سی پی ایم رہنما اور سابق لوک سبھا اسپیکر سومناتھ چٹرجی 89 سال کی عمر میں انتقال کر گئے۔ چٹرجی کو گزشتہ مہینہ برین ہیمریج ہوا تھا جس کے بعد سے ان کی صحت خراب چل رہی تھی۔ چند دنوں سے وہ گردے کے مسئلہ سے جوجھ رہے تھے اور اسی وجہ سے انہیں 10 اگست کو کلکتہ کے اسپتال میں دوبارہ بھرتی کرایا گیا تھا جہاں ڈاکٹروں نے انہیں وینٹیلیٹر پر رکھا تھا۔
اتوار کی صبح ڈائلیسس کے دوران
انہیں دل کا ہلکا دورہ بھی پڑا تھا حالانکہ بعد میں وہ اس سے ابھر گئے تھے۔
سابق اسپیکر سومناتھ چٹرجی 10 بار لوک سبھا کے رکن رہ چکے تھے۔ ان کے والد نرمل چندر چٹرجی اپنے زمانہ کے مشہور وکیل تھے۔ وہ اکھل بھارتیہ ہندو مہاسبھا کے بانی ارکان میں شامل تھے۔ حالانکہ سومناتھ چٹرجی نے اپنے والد کے موقف سے الگ ہٹ کر لیفٹ سیاست کی طرف قدم بڑھایا اور 1968 میں سی پی ایم کے ساتھ سیاسی کیریئر کی شروعات کی۔ 1971 میں وہ پہلی بار رکن پارلیمنٹ منتخب کئے گئے۔