لکھنؤ 12، جنوری (ایجنسی) اترپردیش میں تقریباً ڈھائی دہائیوں تک ایک دوسرے کے کٹر حریف رہنے والے سماج وادی پارٹی (ایس پی) اور بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی) نے مرکز میں حکمران بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کو شکست دینے کے لیے ہفتہ کو آئندہ لوک سبھا انتخابات ساتھ مل کر لڑنے کا اعلان کیا ۔
دارالحکومت کے ایک پانچ ستارہ ہوٹل میں منعقدہ پریس کانفرنس میں بی ایس پی کی سربراہ مایاوتی اور ایس پی کے صدر اکھلیش یادو نے بی جے پی حکومت کی
پالیسیوں اور طریقہ کار کو ملک کے مفاد کے خلاف قرار دیتے ہوئے لوک سبھا انتخابات ساتھ مل کر لڑنے کا اعلان کیا۔
معاہدے کے تحت اتر پردیش کی 80 لوک سبھا سیٹوں میں ایس پی اور بی ایس پی 38-38 سیٹوں پر انتخاب لڑیں گے جبکہ دو نشستیں اتحادیوں کے لیے چھوڑی گئی ہیں۔ دونوں ہی پارٹیاں کانگریس کے صدر راہل گاندھی کے پارلیمانی حلقہ امیٹھی اور متحدہ ترقی پسند اتحاد (یو پی اے) کی چیرمین سونیا گاندھی کے پارلیمانی حلقہ رائے بریلی میں اپنے امیدوار نہیں اتاریں گی۔