بھوپال، 24 مارچ (یو این آئی) مدھیہ پردیش میں آج وزیراعلی شیو راج سنگھ چوہان کی جانب سے پیش کئے گئے اعتماد کے ووٹ کی قرارداد کو اتفاق رائے سے منظوری فراہم کی گئی۔ اس کے ساتھ ہی ایک دن پرانی چوہان حکومت نے ایوان میں اکثریت ثابت کر دی۔
مسٹر چوہان نے خصوصی اجلاس کے پہلے دن ایوان کی کارروائی شروع ہونے کے بعد اعتماد کا ووٹ پیش کیا، جسے
چیئرمین جگدیش دیوڑا نے منظور کرانے کے لئے ووٹنگ کرائی۔ ایوان میں اہم اپوزیشن پارٹی کانگریس کا ایک بھی رکن موجود نہیں تھا۔ اس دوران ہوئی ووٹنگ میں اعتماد کا ووٹ صوتی ووٹ کے
ذریعے منظور کیا گیا۔
اس کے پہلے مسٹر چوہان نے اپنے خطاب میں کہا کہ گورنر نے حکومت کو پندرہ دن کے اندر ایوان میں اکثریت ثابت کرنے کے لئے کہا تھا، اس وہ اعتماد کا ووٹ پیش کر رہے ہیں۔ ساتھ ہی مسٹر چوہان نے کہا کہ ان کی حکومت کی سب سے پہلی ترجیح موجودہ حالات میں کورونا وائرس کو پھیلنے سے روکنا ہے۔ اس سمت میں کل انہوں نے وزیر اعلی کے عہدے کا حلف لینے کے بعد ہی ضروری اقدامات اٹھانے شروع کر دیئے ہیں۔
چیئرمین مسٹر دیوڑا نے اعتماد کے ووٹ کی قرارداد منظور ہونے کے بعد ایوان کی کارروائی 27 مارچ، جمعہ کو صبح 11 بجے تک ملتوی کر دی۔