ممبئی، 25 جون (یو این آئی) شیوسینا کے رہنما اور راجیہ سبھا کے رکن سنجے راوت نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کی پارٹی مہاراشٹر اسمبلی میں اعتماد کا ووٹ حاصل کرے گی۔
مسٹر راوت نے ہفتہ کو یہاں نامہ نگاروں کو بتایا کہ انہوں نے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے سینئر لیڈر اور سابق وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس سے بھی کہا ہے کہ وہ شیوسینا کے ایم ایل اے ایکناتھ شندے اور دیگر ایم ایل ایز کی بغاوت کے بعد ریاست
میں جاری سیاسی بحران میں مداخلت نہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ اگر مسٹر فڑنویس مداخلت کرتے ہیں تو وہ ایک بار پھر ناکام ہو جائیں گے اور ان کی پارٹی کی ساکھ تباہ ہو جائے گی۔
انہوں نے کہا، ’’ہزاروں شیوسینکوں نے اپنا خون بہایا اور پارٹی کے لیے اپنی جانیں قربان کیں۔ شیوسینا کو ہائی جیک نہیں کیا جا سکتا۔ شیوسینا کے تمام باغی ایم ایل اے ممبئی واپس لوٹ آئیں گے تو ہم ایک بار پھر اسمبلی میں اکثریت حاصل کریں گے۔‘‘