نئی دہلی، 16 مارچ (یو این آئی) کرونا وائرس کو وبا اعلان کئے جانے کےپیش نظر شہریت ترمیمی قانون کے خلاف دہلی کےشاہین باغ میں جاری مظاہرہ کو ختم کرنے کے لئے ایک عرضی سپریم کورٹ میں داخل کی گئی ہے۔
عرضی گذار نے ملک کے کسی بھی حصے میں ہورہے اس طرح کے دھرنا اور مظاہرے کو ختم کرنے کاحکم دینے کی درخواست کی گئی ہے۔
بی جےپی کے سابق ایم ایل اے اور شاہین باغ معاملے میں اہم عرضی گذار نند کشور گرگ نے کرونا وائرس کے وبا کے خدشہ کے پیش نظر متعلقہ
علاقے میں مظاہرین کو ہٹانے کے حکم دینے کی درخواست کی ہے۔
عرضی میں کہا گیا ہےکہ کرونا وائرس لوگوں کے رابطے میں آنے سے پھیلتا ہے اور جب سپریم کورٹ سے لےکر سبھی عدالتوں میں کرونا وائرس کے وبا سے بچنے کی کوشش کی جارہی ہے۔اسکول، کالج، مال اور سنیما گھر بند کردیئے گئے ہیں تو ایسے میں دھرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی ہے۔
عرضی میں کہا گیا ہے کہ اگر ملک کے کسی بھی حصے میں اس طرح کا کوئی بھی مظاہرہ ہورہاہے تواس کو روکنے کےلئے ہدایات جاری کئے جانے چاہئیں۔