نئی دہلی،7جنوری(ایجنسی)مرکزی تحقیقاتی بیورو(سی بی آئی)کے چھاپے اور رافیل جیسے مختلف مسئلوں پر اپوزیشن کے ہنگامے کی وجہ سے پیر کو دو بار ملتوی ہونے کے بعد راجیہ سبھا کی کارروائی دن بھر کےلئے ملتوی کردی گئی۔
لنچ کے بعد ڈپٹی چیئرمین ہری ونش نے ایوان کی کارروائی شروع کی تو سماجوادی پارٹی،بہوجن سماج پارٹی اور ترنمول کانگریس کے اراکین نعرے بازی کرتے ہوئے ایوان کے وسط میں آگئے۔کانگریس،اےآئی اے ڈی ایم کے اور ڈی ایم کے اراکین اپنی سیٹوں پر کھڑے ہوکر شوروغل کرنے لگے۔
اس دوران ایوان میں ایس پی کے لیڈر رام گوپال یادو بولنے کے لئے کھڑے ہوگئے اور کانگریس کے ڈپٹی لیڈر آنند شرما بھی بولتے
رہے،لیکن ہنگامے کی وجہ سے کچھ سنائی نہیں دے رہا تھا۔اس دوران آیوش کی وزارت کے وزیر شریپد یسو نائک نے نیشنل میڈیکل سسٹم کمیشن بل2019،اور نیشنل ہومیوپیتھی کمیشن بل 2019 پیش کئے۔
اس کے بعد مسٹر ہری ونش نے نعرے بازی کرنے والے اراکین سے خاموش ہونے اور اپنی سیٹوں پر جانے کی اپیل کی۔لیکن اس کا کوئی اثر نہیں ہوا توانہوں نے دو بج کر سات منٹ پر ایوان کی کارروائی 15منٹ کےلئے ملتوی کردی۔اس کے بعد مسٹر ہری ونش نے ایک بار پھر کارروائی شروع کرنے کی کوشش کی،لیکن اراکین کی نعرے بازی جاری رہی۔اس کے بعد انہوں نے ایوان کی کارروائی دن بھر کےلئے ملتوی کرنے کا اعلان کردیا۔
اس سے پہلے ایوان میں انہی مسئلوں پر جاری ہنگامے کی وجہ سے وقفہ صفر اور وقفہ سوال نہیں ہوسکا اور 15منٹ کے اندر ہی ایوان کی کارروائی لنچ تک کےلئے ملتوی کردی گئی تھی۔