حیدرآباد، 17 جون (ذرائع) مرکزی حکومت کی نئی فوجی بھرتی اسکیم اگنی پتھ کے خلاف احتجاج میں آج ایک مشتعل ہجوم نے سکندرآباد ریلوے اسٹیشن پر تین ٹرینوں کو نذر آتش کردیا۔
اس کے بعد پولیس نے بھیڑ پر قابو پانے کے لیے ہوا میں گولی چلائی۔ اس دوران ایک نوجوان کی موت اور 15 سے زائد افراد زخمی ہوئے۔
معلومات کے مطابق، کم از کم 5000 مشتعل افراد نے سکندرآباد ریلوے اسٹیشن پر حملہ کیا اور توڑ پھوڑ کی۔
مسافر ٹرین کی ایک کوچ کو آگ لگانے کی کوشش کی جس میں تقریباً 40 افراد سوار تھے۔ ان میں سے کچھ بچوں کو ریلوے عملے نے بروقت کارروائی
کرکے بچالیا۔
اے سی پاور کار مکینک سمن کمار شرما نے میڈیا کو بتایا کہ A-1 کوچ کے اندر کم از کم 40 مسافر سوار تھے اور مظاہرین نے اس پر لاٹھیوں اور پتھروں سے حملہ کیا-
شرما نے بتایا کہ مظاہرین نے کوچ کو آگ لگانے کی کوشش کی، لیکن ملازمین کی ذہانت کی وجہ سے بروقت کارروائی کرکے لوگوں کو بچایا گیا۔
شرما نے بتایا کہ کوٹ کے پیچھے دو گیٹ کھلے ہوئے تھے، جس طرف لوگوں کو اتارا جا رہا تھا اور وہاں ریلوے پولیس لوگوں کو نکال کر محفوظ مقام (دوسری کوچ) پر بھیج رہی تھی۔
پیچھے آر پی ایف کے اہلکار کھڑے تھے جو لوگوں کو محفوظ مقام پر بھیج رہے تھے۔