نئی دہلی، 17 مارچ (یو این آئی) ملک کی کچھ ریاستوں میں کورونا وبا کے ایک بار پھر نئے سرے سے پھیلنے کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے وزیراعظم نریندر مودی نے ریاستی حکومتوں سے کہا کہ وائرس کی دوسری لہر کے خلاف بسرعت اقدام کرکے فوراً روک تھام کرنے کی ضرورت ہے۔
مسٹر مودی نے بدھ کے روز ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ کے ساتھ ویڈیو کانفرنس کے ذریعے سے منعقد میٹنگ میں کہا،’ہمیں کورونا کی اس ابھرتی ہوئی سکینڈ پیک کو فوراً روکنا ہوگا۔ اس غرض سے ہمیں فوراً فیصلہ کن اقدام کرنا ہوگا‘۔ میٹنگ میں ملک میں کورونا وائرس کی تازہ صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔
کورونا کے خلاف مہم میں اب تک کی حصولیابیوں کو برقرار رکھنے پر زور دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اب لاپرواہی کی کوئی گنجائش نہیں ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا،’ کورونا کی لڑائی میں ہم آج جہاں تک پہنچے ہیں‘ اس سے آنے والا اعتماد، لاپروائی میں نہیں
بدلنا چاہیے۔ ہمیں عوام کو پینک موڈ میں بھی نہیں لانا ہے اور پریشانی سے خلاصی بھی دلانی ہے۔ ٹیسٹ، ٹریک اور ٹریٹ کے سلسلے میں بھی ہمیں اتنا ہی سنجیدہ ہونے کی ضرورت ہے جیسا کہ ہم گذشتہ ایک برس سے کرتے آ رہے ہیں‘۔
کنٹینمنٹ زون میں کورونا وائرس پر قدغن لگانے کے لیے کورونا ٹیسٹ کو لازمی اور اس کی تعداد بڑھانے پر زور دیتے ہوئے وزیراعظم نے کہا،’ہر کورونا متاثر شخص کے رابطوں کو کم سے کم وقت میں ٹریک کرنا اور آر ٹی پی سی آر ٹیسٹ ریٹ 70 سے زیادہ رکھنا اہم ہے۔ ہمیں چھوٹے شہروں میں ٹیسٹنگ کو بڑھانا ہو گا۔ ہمیں چھوٹے شہروں میں ریفرل سسٹم اور ایمبولینس نیٹ ورک پر خصوصی توجہ دینا ہوگی‘۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں ٹیکہ کاری کی رفتار مسلسل بڑھ رہی ہے۔ ایک دن میں 30 لاکھ افراد کی ٹیکہ کاری کرنے کے اعداد و شمار کو عبور کیا جا چکا ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا،’ہمیں ویکسین ڈوز کے برباد ہونے کے مسئلے کو بہت سنجیدگی سے لینا ہے‘۔